نیویارک (مشرق نیوز) گزشتہ چند برسوں کے دوران جگر پر چربی (فیٹی لیور) کے مریضوں میں تشویشناک اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں نوجوانوں سمیت بچے بھی شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق غیر فعال طرز زندگی اور حد سے زیادہ پروسیسڈ غذاوں کے ساتھ ساتھ میٹھے مشروبات کا زیادہ استعمال اس بیماری کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سوڈا، بوبا ٹی، انرجی ڈرنکس اور پیک شدہ فروٹ جوسز میں شوگر، خاص طور پر فرَکٹوز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، یہ اضافی شوگر جگر میں جا کر چربی میں تبدیل ہو جاتی ہے جس سے فیٹی لیور، جگر پر سوزش اور انسولین مزاحمت (ذیابیطس) جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ غذائی و طبی ماہرین نے جگر کی صحت کیلئے فائدہ مند اور نقصان دہ مشروبات کی فہرست جاری کی ہے تاکہ لوگ بہتر اور صحتمند انتخاب کر سکیں۔
سردیوں میں وزن بڑھنے سے روکنے اور چربی گھلانے والے دیسی مشروبات
نیم گرم لیموں پانی
لیموں پانی جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دیتا ہے اور جگر کی قدرتی صفائی کے عمل کو سہارا دیتا ہے، اس میں موجود وٹامن سی جگر کیلئے مفید ہے۔
بلیک کافی
بغیر دودھ اور چینی کے کافی پینے سے جگر میں چربی جمع ہونے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جگر کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
گرین ماچا چائے
یہ سبز چائے کی ایک طاقتور قسم ہے جو جگر میں چربی کم کرنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔
ہلدی کی چائے
ہلدی میں موجود جز کرکومن سوزش کم کرنے کی خصوصیات رکھتا ہے جو جگر کی صحت کیلئے مفید ہیں۔
بلیک ٹی
بغیر دودھ کے استعمال کی جانے والی بلیک ٹی جگر کے افعال بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
جگر کیلئے نقصان دہ مشروبات، جگر کو ’ڈی ٹوکس‘ کرنے والی غذائیں
بوبا ٹی
سوشل میڈیا پر مقبول بوبا ٹی میں شوگر اور کیلوریز کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو جگر کیلئے نقصان دہ ہے۔
میٹھا سوڈا
سوڈا واٹر میں غذائیت نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے جبکہ یہ جگر میں چربی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انرجی ڈرنکس
انرجی ڈرنکس میں موجود زیادہ شوگر اور کیفین جگر پر اضافی دباو ڈالتی ہے۔
پیک شدہ فروٹ جوسز
یہ جوسز فائبر سے خالی اور اضافی شوگر سے بھرپور ہوتے ہیں جو جگر کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ جگر کو صحتمند رکھنے کیلئے میٹھے مشروبات سے پرہیز اور قدرتی و سادہ مشروبات کا انتخاب نہایت ضروری ہے۔ مناسب غذا اور صحت مند طرز زندگی اپنا کر جگر کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
جگر کی صحت کیلئے بہترین اور بدترین ڈرنکس کی فہرست



















