ترقیاتی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ کے ذریعے80ارب کی بچت

لاہور :(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پناہ گزین افراد کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں ،کربناک مجبوری ہے، کوئی شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا، زندگی بچانے کےلئے اپنا آنگن، مٹی، چھت چھوڑنی پڑتی ہے، جنگیں ختم ہو جاتیں مگر مہاجرین کی بے گھری نسلوں تک رہ جاتی ہے۔

مریم نواز نے کہافلسطین ، شام کے دربدر مہاجرین انسانیت کےلئے کڑے امتحان کے مترادف ،دنیا کو ادراک ہونا چاہیے پناہ مانگنے والا کمزور نہیں، مظلوم ہوتا ہے، پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود فراخدلی سے لاکھوں مہاجرین کی با عزت طریقے سے میزبانی کی۔

وزیراعلیٰ نے کہاپاکستان ہمیشہ مظلوموں کی آواز بنا ، دعا ہے دنیا میں امن قائم ، ظلم کا خاتمہ ،ہر انسان کواپنے شہر اور گھر میں سکون نصیب ہو۔

دریں اثنا 100فیصد شفافیت اور100فیصدمعیار وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرز حکمرانی کا طرہ امتیازہے،تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں ای ٹینڈرنگ کے ذریعے80ارب کی مجموعی بچت ، لاہور سمیت تمام شہرو ں میں کھدائی کر کے گڑھے کھلے چھوڑنے پر پابندی عائد ،تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی مین ہول نیٹ/Meshپراجیکٹ میں شریک کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

مریم نواز نے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاسرکاری فنڈز عوام کی امانت ،پائی پائی کی حفاظت ،بچت فرض ہے، 30جون تک تمام سیوریج ،ڈرینج پراجیکٹ ہر صورت مکمل کرنے کا ہدف مقررکردیا ،گلی،محلے اورسڑکیں کھدائی کر کے چھوڑ نہیں سکتے، عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔