وزیراعظم کاعوام کو بڑا ریلیف،پٹرول74،ڈیزل67روپے لٹر سستا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے پٹرول 74،ڈیزل 67روپے لٹر سستا کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے خطے کی معاشی صورتحال میں بہتری آنے اور تیل قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام کی جانب منتقل کررہے ہیں،معاشی استحکام برقرار رکھنے ، مہنگائی میں مزید کمی کےلئے موثر اقدامات جاری رکھیں گے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاقوم سے کیا وعدہ پورا کردیا،بڑی کمی کے بعد پٹرول 299،ڈیزل کی قیمت 311روپے لٹر مقرر کردی، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ، آپ نے مشکل صورتحال میں صبر و تحمل کا بے مثال مظاہرہ کیا،مشکل حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر تہہ دل سے مشکور ہیں،بحران کے آغاز میں ہی اپنے وسائل سے تیل قیمتوں میں جس قدر ہو سکا کمی لانے کی کوشش کی گئی،وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے کی گئی بچت کے ذریعے 129 ارب استعمال کرکے ملک بھر کے عوام کو تیل قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔

شہبازشریف نے کہاخطے کی معاشی صورتحال کے دوران جب کچھ ممالک میں فیول راشننگ جیسے اقدامات کیے جا رہے تھے، حکومت پاکستان کی بہتر منصوبے کی بدولت توانائی کا بحران نہیں آیا،کوئی قطار لگی نہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی کمی کاسامنا کرنا پڑا، ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کےلئے وفاق ، صوبوں نے مکمل تعاون کیا ،وزرائے اعلیٰ کا شکر گزار ہوںجس قدر ممکن ہوا عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے، عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں جو کمی آئے گی وہ من و عن عوام کو منتقل کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہابحران کے پورے عرصے میں نہ صرف حکومتی سطح پر کفایت شعاری کو اپنایا گیا بلکہ ریلیف کی مد میں محروم طبقات کو سبسڈی بھی فراہم کی گئی،عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے،مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں پاکستانی ثالثی کی بدولت امن ممکن ہوا،اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تاریخی دستاویز ہے،فیلڈ مارشل خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں ،سید عاصم منیر کی انتھک محنت ، پیشہ ورانہ صلاحیت کی بدولت امن معاہدہ ممکن ہوا۔

شہبازشریف نے کہانائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومت کی پوری ٹیم جو امن کوششوں میں خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معاشی ٹیم وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پٹرولیم،چیئرمین ایف بی آر کی معاشی بحران میں قابل قدر کوششیں قابل ستائش ہیں۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکہ ،ایران کے درمیان معاہدے کو عملی جامہ پہنائے جانے پر قوم، سیاسی ،عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا پاکستان کو زبردست عزت و مرتبہ ملا، قوموں کو صدیوں میں ایسی کامیابی نصیب نہیں ہوتی، دنیا کو قومی یکجہتی و اتحاد کا پیغام دینا ہے ،عظیم فتح کا تقاضا ہے سب ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہی صف میں کھڑے ہوں، ایران کے صدر مسعود پزشکیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ،ایرانی صدر نے خامنہ ای شہید کی آخری رسومات میں شرکت کی دعوت دی، پاکستان کا وفد شرکت کریگا، اپوزیشن و سیاسی رہنما دنیا کو بتائیں سیاسی اختلافات کےساتھ قومی مفادات کیلئے ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔

شہبازشریف نے کہاپوری دنیا میں پاکستان کا نام عزت و وقار سے گونج رہا ہے، عظیم کامیابی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کاسب سے کلیدی کردار ،امن کے قیام کیلئے اڑھائی مہینے دن رات کام کیا،ایرانی صدر نے پہلی فرصت میں پاکستان آنے کا عندیہ دیا ،اسلام آباد کر عوام کا شکریہ ادا کرینگے،سیاہ رات ختم ،ترقی و خوشحالی کا سورج طلوع ہونے کو ہے۔