پاکستان ،یورپی یونین کا تجارتی تعلقات ،سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے یورپی یونین سب سے بڑا تجارتی پارٹنر اور پاکستان سے برآمدات کے سب سے زیادہ حجم کی منزل ہے، حکومت یورپی یونین کےساتھ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گی۔

شہباز شریف نے یورپی یونین کے اعلیٰ حکام و ممتاز کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ،پاکستان ،یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات ،سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاامید ہے تقریب تجارتی تعلقات و سرمایہ کاری کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرےگی،شہبازشریف نے یورپی یونین کے وفد کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال کی وجہ سے تیل قیمتوں میں حالیہ اضافے سمیت علاقائی چیلنجوں کے باوجود معیشت کے استحکام کیلئے کام جاری رکھنے کیلئے پختہ عزم کا یقین دلایا۔

یورپی یونین کے وفد نے امن کوششوں میں وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کی میزبانی میں بھرپور تعاون کرنے پر حکومت کی تعریف کی،وفد کے اراکین نے کہا یورپی یونین ،پاکستان کے درمیان توانائی، مواصلات، آئی ٹی وغیرہ سمیت مختلف شعبوں میں بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید فروغ دینے کے قوی امکانات ہیں۔

علاوہ ازیں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ملک میں اقتصادی ترقی کےلئے سرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ، برآمدات بڑھانے کےلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی ،سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے ریگولیٹری تعمیل پر عمل درآمد کو مزید آسان و کم خرچ بنایا جائے۔

شہبازشریف نے کہاحکومت ،سرمایہ کاروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط ، لائسنسنگ و دیگر سروسز تک رسائی کے سارے نظام کی ڈیجیٹائزیشن رفتار تیز کی جائے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے ملک میں سرمایہ کاروں کااعتماد بڑھا۔

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف کونیوزی لینڈ کے ہم منصب نے فون کیا، دونوں رہنماوں کے درمیان ہونےوالی خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہبازشریف نے کرسٹوفر لیوکسان کو خطے میں امن کے فروغ ،کشیدگی میں کمی کےلئے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں و روابط سے آگاہ کیا، نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم نے پاکستان کی تعمیری سفارتی کاوشوں، خصوصاً واشنگٹن اور تہران کےساتھ رابطوں کو سراہا، ثالثی کوششوں کی کامیابی کےلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کرسٹوفر لیوکسان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے ،دنیا میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا،ٹیلی فونک رابطے میںدوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کےلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا، وزیراعظم نے کرسٹوفر لیوکسان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی پرتپاک دعوت دی، دونوں رہنماوں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔