حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے پاکستان کسان اتحاد گروپ کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں زرعی شعبے کو درپیش مسائل، کسانوں کی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران کسان نمائندوں نے کھاد، پانی کی دستیابی، زرعی لاگت میں اضافے اور دیگر درپیش چیلنجز کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر رابطہ قائم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ کمشنر ساہیوال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی شعبے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جنہیں مزید موثر بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ آخر میں وفد نے کمشنر ساہیوال کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہر میں واسا کے جاری سیوریج کے ایسے تمام منصوبوں کو 15 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جہاں سڑکوں کی تعمیر زیر التوا ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے یہ تمام منصوبے 30 جون تک مکمل کرنے ہیں۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں شہر میں جاری واسا کے منصوبوں بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، ایس ای ہائی وے کاشف شکور، سی او ایم سی شیخ اشفاق احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر کی 14 سکیمیں واسا کے جاری کاموں کی وجہ سے زیر التوا ہیں جو ہر حال میں 30 جون تک مکمل کی جانی ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ایم ڈی واسا کو ہدایت کی کہ ان جاری سکیموں پر کام 15 مئی تک مکمل کیا جائے تاکہ ہائی وے ان سڑکوں کی تعمیر مکمل کر سکے۔