لاہور سمیت ملک بھر سے حج پروازوں کا آغاز ہو گیا

لاہور، کراچی (نمائندہ خصوصی+ بیورو رپورٹ )لاہور سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے حج پروازوں کا آج سے باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ لاہور سے حج کی پہلی پرواز ہفتہ کے روز340 عازمین حج کو لیکر سعودی ایئر لائن ایس وی 5735 کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ ہو گئی۔حجاج کرام کی سہولت کی خاطر لاہور ایئر پورٹ کو پہلی بار روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔لاہور سے پہلی بار حج کی پرواز روٹڈٹو مکہ کے تحت روانہ ہوئی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف،پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید الما لکی،چیئر مین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی،صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے حجاج کرام کو ایئر پورٹ سے روانہ کیا۔ اس مو قع پر منعقدہ تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے وفاقی وزیر برا ئے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ آج ان کیلئے تاریخی موقع ہے کہ وہ روڈ ٹو مکہ کے تحت پہلی پرواز کو رخصت کر رہے ہیں،اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اپنے مہمانوں کی خدمت کا موقع دیا۔ سردار یوسف نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت تھیں کہ حجاج کرام کو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں اور ہم سب عازمین حج کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے بھر پور کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور سے30 ہزار کے قریب عازمین حج روانہ ہونگے جبکہ95800 پاکستانی حجاج کرام تقریباً 80 فیصد روڈ ٹو مکہ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار ہر188 حجاج کرام کے ساتھ ایک ناظم مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر حاجی کو مفت آن لا ئن نیٹ سروس فراہم کی جائیگی جس میں انٹرنیٹ کی سہولت بھی شامل ہو گی۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج کے سفرکو مزید آرام دہ بنانے کیلئے ایئر کنڈیشنر خیمے موجود ہونگے،اس سال24 ہزار حجاج کو مکہ اور مدینہ کے درمیان جدید ترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حجاج کرام سعودی عرب کے قوانین پر عملدرآمد کریں اور پاکستان کیلئے خصوصی دعا کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی پوری ٹیم کی رات دن کی محنت سے حجاج کرام کو اس سال کوئی مشکلات پیش نہیں آئیں گی،تمام عازمین حج سے درخواست ہے کہ اپنا خاص خیال رکھیں اور امت مسلمہ کیلئے خاص دعا کریں۔دریں اثناءکراچی سے نجی ایئر لائن کے ذریعے پہلی حج پرواز 160 عازمین کے ساتھ روانہ ہو گئی۔عازمین حج کو گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے رخصت کیا اور مبارکباد دی، اس سال کراچی ایئرپورٹ سے 31 ہزار سے زائد عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوں گے، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی حکام عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر ہی کریگی۔