اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم کا کویتی ولی عہد، عمانی سلطان سے ٹیلی فونک رابطہ، معاملات سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔
ولی عہد صباح الخالد سے گفتگو میں وزیراعظم نے عید کی مبارکباد، کویت ،پوری امت مسلمہ کےلئے امن، خوشحالی ،فلاح و بہبود کیلئے نیک تمناوں کےساتھ کویت پرحملوں کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیااوردورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کو بھی عید کی مبارک دی،موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے عمان کے مختلف علاقوں میں حملوں کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر عمانی عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کیا اور خطے میں امن، استحکام و تعمیری مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا، دونوں رہنماوں نے پاکستان ،عمان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے عمان کے سلطان کو بھی پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔
دریں اثنا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے شہریوں کو گھر کی سہولت فراہم کرنے کےلئے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور گھروں کی تعمیر کےلئے آسان قرضوں کو حکومتی ترجیح قرار دیتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی،وزیر اعظم کو بتایا گیا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدن والوں کےلئے گھروں کی تعمیر کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے، ریئل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
علاوہ ازیں ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان ریلویز کو مال برداری(freight ) کی سہولیات اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ریلوے نظام ملکی معیشت و مواصلات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،ملکی معاشی ،صنعتی ترقی کےلئے ملک بھر کے ریلوے انفراسٹرکچر کی پائیدار بنیادوں پر تعمیر نو کرنے کی ضرورت ، علاقائی تجارت و روابط کےلئے ریلوے کو جدید بنیادوں پر ترقی دینا قومی پالیسی کا اہم جزو ہے،موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت کیلئے اشیا کی نقل و حمل کےلئے ریلوے کی فریٹ سروس کا استعمال ناگزیر ہو چکا ۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2026 پرجائزہ اجلاس ہوا،شہباز شریف نے رمضان پیکیج 2026 کے تحت مستحقین کو رقوم کی شفاف طریقے سے فراہمی پر تمام متعلقہ اداروں کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاسوشل پروٹیکشن والٹس پاکستان میں فنانشل ٹیکنالوجیز ، شفافیت کیلئے انتہائی اہم سنگ میل اور کامیاب اقدام ہے،بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی تمام ادائیگیاں سوشل پروٹیکشن والٹس کے ذریعے یقینی بنائی جائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت 19 لاکھ 55 ہزار 620 ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی جا چکیں،بھرپور آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے، پرنٹ، الیکٹرانک ،سوشل میڈیا پر باضابطہ آگہی پیغامات کی وجہ سے مستحقین کو پیکیج پرتمام تر معلومات بہم پہنچائیں گی،رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت سوشل پروٹیکشن والٹس ملک میں ڈیجیٹل نظام میں صنفی تقسیم کم کرنے میں انتہائی کارگر ثابت ہوا۔
کویتی ولی عہد، عمانی سلطان سے رابطہ،امن کیلئے سفارتکاری ناگزیر ہے،وزیراعظم


















