لاہور (میاں ساجد سے) سر گنگا رام ہسپتال لاہور میں حادثات کے شکار مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں آنے والے مریضوں کو الٹراساﺅنڈ کی سہولت صرف 5 بجے تک محدود کرد ی گئی ہے جس کے بعد متعلقہ ڈاکٹرز اور عملہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ہوتے ہیں جبکہ ریڈیالوجسٹ کی خالی سیٹ کو بھی تاحال پر نہیں کیا گیا۔ روزنامہ ”مشرق“ نے پہلے بھی اس سلسلے میں صحافتی فرائض سرانجام دیتے ہوئے خبر شائع کی تھی کہ 2 بجے کے بعد مریضوں کو ایمرجنسی میں خوار کیا جاتا ہے اور انکو الٹراساﺅنڈ کی سہولت میسر نہیں جس پر ایمرجنسی کے ہیڈ آف دی ڈیپارٹمنٹ نے اس کا دورانیہ دوپہر 2 کی بجائے شام 7 بجے تک کردیا تھا لیکن ذرائع کے مطابق اب ایکسڈنٹ مریضوں کو یہ بنیادی ٹیسٹ کی سہولت شام 7 کے بعد دستیاب نہیں، متعلقہ عملہ اگلی صبح 9 بجے ڈیوٹی پر حاضر ہوتا ہے جس کی وجہ سے ایمرجنسی مریض رات بھر بغیر تشخیص کے تڑپتے اور سسکتے رہتے ہیں۔ الٹراساﺅنڈ کا کمرہ بوقت 7 عملہ سے خالی ہوجاتا ہے۔ علاوہ ازیں ہسپتال انتظامیہ کی غفلت صرف یہاں ہی ختم نہیں ہوتی بلکہ مریضوں کو ڈیجٹیل ایکسرے کی فلم بھی پچھلے ایک ماہ سے مریضوں کو میسر نہیں۔ مریضوں کے لواحقین جو جدید سمارٹ فون رکھتے ہیں، وہ اپنے موبائل سے تصویر لیکر گزارہ کرلیتے ہیں لیکن سادہ لوح مریضوں کیلئے یہ سہولت نہ ہونے کے برابر ہے۔ مصروف ترین ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں مریضوں کے ساتھ ایسا سلوک روزانہ کی بنیاد پر ہورہا ہے۔ شہریو ں اور مریضوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سیکرٹری صحت اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں سہولیات میں بہتری لائی جائے۔ 24 گھنٹے الٹراساﺅنڈ کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے مریضوں کو اسکی سہولت مہیا کی جائے اور ایکسرے فلم باقاعدہ مریضوں کو فراہم کرنے کا بندو بست کیا جائے تاکہ عام مریض بھی برابری کی بنیاد پر علاج کی سہولیات سے فائدہ حاصل کر سکیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایمرجنسی سر گنگارام ڈاکٹر منیر احمد نے اس خبر کے حوالے سے اپنے موقف میں کہا کہ مریضوں کو الٹراساونڈ کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سٹاف ڈیوٹی پر موجود ہوتا ہے لیکن ایمرجنسی میں 24 گھنٹوں کیلئے الٹراساونڈ کی سہولت کی فراہمی کیلئے ریڈیالوجسٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ مریضوں کی ایکسرے فلم کی شکایت بھی بجا ہے جس کی دستیابی بھی نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے واقعی ہی مریضوں کو پریشانی بھی ہے اور انہیں تکالیف کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا جس کے ازالے کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔
گنگا رام میں سہولیات فراہمی کا بحران ، الٹراساﺅنڈ سہولت صرف 5 بجے تک محدود


















