بیجنگ (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور چینی وزیراعظم لی چیانگ نے دونوں ممالک کے بنیادی قومی مفادات کے متعلق تمام امور پر ایک دوسرے کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ میں عوامی جمہوریہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے پس منظر میں منعقد ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم لی چیانگ کی جانب سے پرتپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین دیرینہ سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی باہمی اعتماد، سٹرٹیجک تعاون، امن، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق تمام امور پر مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں انقلابی کردار ادا کیا ہے، دونوں رہنماوں نے سی پیک کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کیلئے اپنی توقعات اور عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماوں نے پاکستان چین تعلقات کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، سٹرٹیجک، سکیورٹی اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی مسلسل ترقی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے زور دیا کہ سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے اہم موقع کو پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی خیرسگالی کے عملی، عوام دوست اور مستقبل پر مبنی نتائج میں تبدیل کرنے کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے، انہوں نے دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی تبادلوں اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے سی پیک اور اس کے اگلے مرحلے کی اعلیٰ معیار کی ترقی کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، جس میں صنعتکاری، دوطرفہ روابط، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل تبدیلی، صاف توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہوگی۔
انہوں نے چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے اور پاکستان کے ترقیاتی فریم ورک اڑان پاکستان کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو تیز کیا جا سکے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی قومی ترقی اور اقتصادی استحکام کیلئے چین کی مستقل حمایت کو سراہا، انہوں نے پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز سمیت ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا، انہوں نے کہا کہ چین کے خلائی سٹیشن پروگرام کیلئے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب نئے اور سٹرٹیجک شعبوں میں پاکستان چین تعاون کی بڑھتی ہوئی گہرائی کا مظہر ہے۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے قریبی رابطہ کاری برقرار رکھنے، طے شدہ منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرنے اور پاکستان، چین شراکت داری کو عملی، نتیجہ خیز اور اعلیٰ معیار کے تعاون کے نئے مرحلے میں داخل کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی چینی ہم منصب سے ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر ریلوے حنیف عباسی، مشیر وزیر اعظم ہارون اختر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
پاکستان، چین آہنی دوستی باہمی اعتماد کے مشترکہ عزم پر مبنی ہے: وزیراعظم شہبازشریف


















