خطے میں کشیدگی کسی کے بھی مفاد میں نہیں:پاکستانی دفتر خارجہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، پاکستان کسی بھی ملک کی جانب سے ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی پر سخت تشویش ہے۔ پاکستان مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنازع کو مذاکرات کی میز پر ہی حل کیا جانا چاہیے۔ پاکستان چاہتا ہے کہ کشیدگی ختم ہو اور تکنیکی مذاکرات شروع ہوں۔ ہم امید کرتے ہیں آبنائے ہرمز کی صورتحال جلد نارمل ہو جائیگی۔ پاکستان موجودہ علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد جاری رہنا چاہیے۔ پاکستان آبنائے ہرمز سے تجارت، پیٹرولیم مصنوعات کی باآسانی فراہمی پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان فریقین پر ضبط و تحمل کا مظاہرہ کرنے کیلئے زور دیتا ہے کیونکہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ تمام فریق کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں اضافہ ہو۔

ترجمان نے کہا کہ امن اور باہمی احترام کے حصول کیلئے اسلام آباد ایم او یو جیسی دستاویز موجود ہے۔ توقع ہے فریقین ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی سے تنازع کا حل تلاش کریں گے۔ آبنائے ہرمز کی صورتحال کا پوری دنیا پر اثر پڑ رہا ہے۔ پاکستان اہم ثالثوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ 10 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف کی امیر قطر کے ساتھ اہم گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے ایرانی صدر کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ضبط و تحمل پر زور دیا۔ ایرانی صدر نے بھی پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے امن و استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سالمیت و علاقائی خودمختاری کی حمایت کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے معاہدوں پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔ طاہر اندرابی کا پریس بریفنگ میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔ اسلام آباد ایم او یو اپنی جگہ قائم ہے۔ ہم امید رکھتے ہیں کہ دونوں فریقین اس کی اہمیت کو سمجھیں گے۔ ہم کسی بھی ملک کی جانب سے ہتھیاروں کے استعمال کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی ایک چیلنج ہے۔ قیام امن کا عمل کبھی ختم نہیں ہوتا۔ منطقی طور پر اسلام آباد ایم او یو قائم ہے جو امن کیلئے بات چیت کا فریم ورک فراہم کرتا ہے۔ تنازع کے دوران مختلف مراحل پر بھی پاکستان کا موقف یکساں رہا ہے۔ پاکستان تمام ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان ڈائیلاگ، امن اور سفارتکاری کی حمایت کرتا ہے۔ فریقین نے جب بھی بات چیت کا فیصلہ کیا، اسلام آباد ایم او یو اور پاک قطر مشترکہ بیان بات چیت کی بنیاد فراہم کریگا۔