کے پی،بلوچستان میں آپریشنز،بمبار سمیت 12خوارج جہنم واصل


راولپنڈی،اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر) کے پی،بلوچستان میں آپریشنز،خودکش بمبار سمیت 12بھارتی حمایت یافتہ خوارج جہنم واصل،پاک فوج کے میجر حافظ احسان الٰہی شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں آپریشن دہشتگردوں کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے موثر انداز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا،34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 7بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا،آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی کمین گاہ ،زیر استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی تباہ کر دیا گیا،ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب نے 2ماہ کے دوران صوبے کے مختلف شہروں میں 419انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 5”را“ ایجنٹوں سمیت 54دہشتگردوں کو گرفتار کیا ،سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم و دیگر اضلاع میں کی گئیں۔

دریں اثناپاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی سٹڈیز (پکس) نے جولائی 2026 کی ماہانہ سکیورٹی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،دہشتگردی کے خاتمے کےلئے سکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں بھی نمایاں تیزی رہی،401 شرپسند جہنم واصل، 112 سکیورٹی اہلکار وں نے جام شہادت نوش کیا۔