اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں ،مراعات میں بڑا اضافہ، پنشن پیکیج میں بھی تبدیلیاں


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں ،مراعات میں بڑا اضافہ، پنشن پیکیج میں بھی اہم تبدیلیاں کردی گئیں۔

وفاقی حکومت کی سفارش پر صدر آصف زرداری کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ ججز کی تنخواہیں ،مراعات وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے برابر کردی گئیں، ہائی کورٹ ججز کی بنیادی تنخواہوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تنخواہوں ،الاونسز میں اضافے کا اطلاق 10 دسمبر2025 سے ہوگا،اضافے کے بقایا جات بھی ادا کیے جائیں گے،چیف جسٹس کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ 50 ہزار ،سپریم کورٹ کے دیگر ججز کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 15 لاکھ ہوگی،جوڈیشل الاونس 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے سے بڑھا کر 15 لاکھ مقرر کردیا گیا، جوڈیشل الاونس میں تقریباً 3 لاکھ 39 ہزار روپے ماہانہ اضافہ ہوا،پنشن پر شق میں 70 کی حد بڑھا کر 75 سال ، متعلقہ شق میں 85 کی حد بڑھا کر 90 سال کردی گئی، سپریم کورٹ ججز کیلئے ماہانہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے میڈیکل الاونس بھی مقرر کردیا گیا۔

ہائی کورٹ ججز کی بنیادی تنخواہیں بھی بڑھ گئیں،اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا، ہائیکورٹ چیف جسٹس کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 54 ہزار،دیگرججز کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 12 لاکھ 5 ہزار روپے ہوگی،2سال سے زائد عرصہ چیف جسٹس رہنے والوں کےلئے نئی سہولت متعارف کرادی گئی، ریٹائرمنٹ یا اعلیٰ عدالت میں ترقی کی صورت میں گاڑی رعایتی قیمت پر خریدنے کی اجازت ہوگی، ریٹائرڈ ججز کو وفاقی حکومت کے ثالثی معاملات میں فیس کی اجازت بھی مل سکے گی۔