گیس کی بہتر تقسیم کیلئے آر ایل این جی کنکشنز پر عارضی پابندی،سفارشات تیار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)گیس کی بہتر تقسیم کیلئے آر ایل این جی کنکشنز پر عارضی پابندی،سفارشات تیار کرلی گئیں۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی آر ایل این جی کنکشنز پر عارضی پابندی عائد کرنے کی تجویز ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر قائم نیشنل کوآرڈی نیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے سفارشات دےدیں، این سی ایم سی نے پٹرولیم ڈویژن کو خط لکھ دیا ، خط میں گیس فراہمی بہتر ہونے تک نئے آر ایل این جی کنکشنز عارضی معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سوئی گیس کی طلب اور رسد کے موثر انتظام کےلئے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی سفارش ، اضافی گیس کی فراہمی پر ہفتہ وار پیشرفت رپورٹ طلب کی گئی ہے، گیس کے استعمال کومنظم کرنے کےلئے لوڈشیڈنگ کے اوقات کار ، یو ایف جی میں کمی اور موسمی بنیادوں پر کھپت کم کرنے جیسے اقدامات پر غورکیا جا رہا ہے،مہنگی آر ایل این جی کے متبادل مقامی قدرتی گیس کے استعمال کو فروغ دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، آ ئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی سے مشاورت کی جائےگی، این سی ایم سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن سے27 اپریل کو بریفنگ طلب کرلی ۔