پنجاب میں تمام جیل ملازمین کیلئے ہیلتھ اور نفسیاتی سکریننگ لازمی

لاہور (مشرق نیوز) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے پنجاب بھر کی جیلوں کے تمام ملازمین کیلئے باقاعدہ ہیلتھ اور نفسیاتی سکریننگ لازمی قرار دیدی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات کے آفس سے جاری مراسلے کے مطابق لاہور سمیت صوبے کی تمام جیلوں میں رواں ہفتے سے سٹاف کے ہیلتھ ٹیسٹ شروع کئے جائیں گے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہر جیل میں ہر تین ماہ بعد ہیلتھ سکریننگ کیمپ لگایا جائے جب کہ تمام ملازمین کا سالانہ طبی معائنہ بھی لازمی ہوگا، جس میں بلڈ پریشر، شوگر، کولیسٹرول اور وزن کی جانچ شامل ہوگی۔

آئی جی جیل نے ہدایت کی ہے کہ ڈپریشن یا ذہنی دباو کا شکار ملازمین کو مفت نفسیاتی مشاورت فراہم کی جائے جب کہ ورزش، کھیلوں اور میڈیٹیشن کے ذریعے سٹاف کا ذہنی دباو کم کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں۔

مراسلے میں لکھا گیا اگر کسی ملازم کو سر درد، چکر یا سینے میں درد جیسی علامات ظاہر ہوں تو اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے، ہر جیل میں افسران کے جسمانی اور نفسیاتی ٹیسٹ کے بعد ان کی خفیہ ہیلتھ فائل بھی مرتب کی جائے گی۔ آئی جی جیل نے ملازمین کو سگریٹ نوشی سے اجتناب، متوازن غذا کے استعمال اور روزانہ ورزش اپنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب مراسلے میں کہا گیا ہے کہ طویل اوقاتِ کار اور 24 گھنٹے ڈیوٹی کے دباو کے باعث ہائی بلڈ پریشر، شوگر اور دل کے امراض کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے جس کے پیش نظر یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں اس حوالے سے تمام ڈی آئی جیز اور جیل سپرنٹنڈنٹس کو باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔