تہران (مشرق ڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر کے مشیر علی اکبر ولایتی نے بحرین کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسے اشتعال دلایا گیا تو تہران بحرین پر پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ حملہ کریگا۔ علی اکبر ولایتی نے نیم سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ بحرینی حکام کو سنجیدہ وارننگ دی جا رہی ہے کہ وہ اپنی حدود کو پہچانیں، اپنی قسمت کے ساتھ ایسا کھیل نہ کھیلیں اور ایران کو سخت فیصلے کرنے پر مجبور نہ کریں۔ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں موجود امریکی بحریہ کے اڈے کو امریکی حملوں کے جواب میں نشانہ بنایا، تہران کا موقف ہے کہ امریکہ خطے میں قائم اپنے فوجی اڈوں کو ایران پر حملوں کیلئے استعمال کرتا ہے۔دوسری جانب خلیجی ممالک اس دعوے کی تردید کرتے ہیں، بحرین نے حالیہ ایرانی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے اس کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے مواقع کو نقصان پہنچایا ہے۔ بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے اور ایران کے حملوں کو اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
بحرینی حکام اپنی حدود کو پہچانیں، ورنہ سخت حملہ کرینگے، ایران



















