پی سی بی کا جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان

جدہ (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جدہ میں جدید کرکٹ سٹیڈیم بنانے کا اعلان کردیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کیا جائیگا۔

معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کئے ۔ ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائیگی۔

معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائیگی۔ چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔