اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے رواں سال مون سون بارشوں و ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت کا ردعمل موثر رہا، این ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات، جدید ٹیکنالوجی ،ارلی وارننگ سسٹم کے باعث جانی و مالی نقصان میں نمایاں کمی آئی، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر حکومت کے تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی، پیشگی انتباہ اور بروقت فیصلوں کے لئے اہم قومی اثاثہ ثابت ہوا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے دورے کے موقع پر کیا، وفاقی وزرا احسن اقبال، رانا تنویر ، مصدق ملک، میاں معین وٹو اور سینیٹر اورنگزیب بھی موجود تھے۔
عطا تارڑ نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا این ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں ،ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کےلئے موثر اقدامات کئے،تمام متعلقہ محکموں ،صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ارلی وارننگ سسٹم پر کام کیا گیا، قدرتی آفات سے نمٹنا ہر شہری اور پوری کمیونٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزارت اطلاعات تمام متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور این ڈی ایم اے کےساتھ ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
ارلی وارننگ سسٹم سے نقصانات میں نمایاں کمی آئی،عطا تارڑ



















