پی ایس ایل 11کی رنگارنگ اختتامی تقریب،گلوکاروں نے دل موہ لیے

لاہور:(سپورٹس رپورٹر)پرامن پاکستان پر مہر ثبت،پی ایس ایل 11کی رنگارنگ اختتامی تقریب،فائنل میچ دیکھنے کیلئے شائقین کاسیلاب امڈآیا۔

قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 11کی اختتامی تقریب کو سابق کپتان و کمنٹیٹر وسیم اکرم اور زینب عباس نے ہوسٹ کیا، سی ای او پی ایس ا یل سلمان نصیر ٹرافی کے ہمراہ داخل ہوئے اورٹرافی میدان میں بلندی سے آنےوالی خاتون کو سوپنی پھر خاتون نے ٹرافی وسیم اکرم کو دی،ایشین بریڈ مین ظہیرعباس بھی موجود تھے، دونوں سابق کرکٹرز نے ٹرافی کو پوڈیم پر رکھا۔

علی عظمت نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو مسحور کیے رکھا، یاروں یہی دوستی ہے، یہ ہے پاک زمین، چلو آگے بڑھو، میدان میں ہوش جگانے دو، گانے میں ملک کے نامور گلوکار عارف لوہار نے بھی علی عظمت کا ساتھ دیا پھر عارف لوہار نے اپنے روایتی انداز میں موسیقی کے سر بکھیرے، موسیقی کے ذریعے پاکستانی ثقافت کے رنگ میدان میں چہار سو پھیل گئے۔

عاطف اسلم ، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز کی آوازوں ،آرٹسٹس کی پرفارمنس نے تقریب کو یادگار بنا دیا،تقریب کے اختتام پر شاندار اور دلکش آتش بازی کامظاہر ہ کیا گیا،فائنل میچ دیکھنے کیلئے شائقین کاسیلاب امڈ آیا،ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ،فضا پاکستان زند ہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔