اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس آصف پر مشتمل بنچ نے 190 ملین پاونڈ کیس میں سزا معطلی درخواستوں پر سماعت کی،نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے ،چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے متفرق درخواست پر استفسار کیا، وکیل نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت مانگی، عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا، سلمان صفدر کی درخواست پر عدالت نے ملاقات آج دوپہر 2 بجے کرانے کی ہدایت جاری کی،سپیشل پراسیکیوٹر نے سماعت پیر تک مقرر کرنے کی استدعا کی ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے عدالت اپنی مصروفیات دیکھ کر تاریخ مقرر کرتی ہے، آپ کلائنٹ سے ملاقات کر لیں، اپیل بھی فکس کر دیں گے اور اگر دلائل شروع ہوئے تو 7دن میں اپیل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے،بانی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کیا تو چیف جسٹس نے استفسار کیاآپ کون سے کیس پر دلائل دے رہے ہیں؟ سلمان صفدر نے جواب دیا 31 مارچ عدالت نے ایک آرڈر پاس کیا تھا،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کی متفرق درخواست کیا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی متفرق درخواست منظور کر لیتے ہیں، آپ جا کر بانی پی ٹی آئی سے مل لیں، جیل حکام عمران خان سے سلمان صفدر کی ملاقات کرائیں، چیف جسٹس نے استفسار کیا کتنے بجے آپ ملاقات کرنا چاہیں گے؟ سلمان صفدر نے جواب دیا2 بجے کا وقت رکھ دیں، عدالت نے بانی سے سلمان صفدر کی بدھ کو2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دےدیا۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے استدعا کی عدالت اگر پیر کے روز کیلئے مقرر کر دے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے دیکھ لیں کل بھی اس طرح سننے کو ملا حالانکہ ہمیں نہیں پتہ ہوتا پیر کو کیا مصروفیت ہوگی، اس لئے اپنے مصروفیت دیکھ کر ہم تاریخ رکھتے ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات کرانے کاحکم دے دیا


















