پاکستان کی ثالثی پیشکش نیک نیتی پر مبنی، فیصلے فریقین نے خود کرنے ہیں، رضوان سعید شیخ


واشنگٹن :(بیورورپورٹ) امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کےلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے تیار ہے ،ثالثی پیشکش نیک نیتی پر مبنی، فیصلے فریقین نے خود کرنے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے کوانٹرویو میں رضوان سعید شیخ نے کہا ایران اور امریکہ کے حالیہ تنازع میں پاکستان کی جانب سے ثالثی کی پیشکش وسیع تر علاقائی مفاد میں، دونوں فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار قابل قدر ہے، یہ ایک نہایت پیچیدہ معاملہ ہے جس میں سیاسی، اقتصادی اور علاقائی عوامل شامل ہیں، ملک کی سفارتی تاریخ امن کے فروغ سے جڑی ہوئی، حالیہ پیشکش بھی خلوص نیت پر مبنی ہے جس میں دیگر علاقائی ممالک کو بھی شامل کیا جا رہا ہے، بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے تاہم سفارت کاری تدریجی عمل ہے جس میں وقت درکار ہوتا ہے۔

پاکستانی سفیرنے واضح کیاپاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کےلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے تیار ہے تاہم حتمی فیصلے متعلقہ فریقین نے خود کرنے ہیں، پاکستان ہمیشہ مذاکرات، سفارتکاری کو ہی مسائل کے حل کا موثر ذریعہ سمجھتا ہے،دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رضوان سعید نے کہا پاکستان سرحد پار دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونےوالا ملک ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی بارہا نشاندہی کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر پاکستان کو مجبوراً خود ایکشن لینا پڑا، پاکستان اپنے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنتے نہیں دیکھ سکتا ، بعض عناصر کو بیرونی سرپرستی حاصل ہونے کے واضح شواہد موجود ، پاکستان کےخلاف ہونے والی دہشتگردی میں بھارتی حمایت کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور موثر سفارت کاری کے فروغ کےلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔