ایران کی فیفا ورلڈکپ کیلئے کٹ رونمائی کی پروقار تقریب

تہران (مشرق نیوز) ایران کی قومی فٹ بال ٹیم نے 2026ءفیفا ورلڈ کپ کیلئے اپنی نئی ہوم کٹ متعارف کرا دی ہے جسے مقامی سپورٹس برانڈ نے تیار کیا ہے۔ نئی جرسی سفید رنگ پر مشتمل ہے اور اس میں 2022ءکے ورلڈکپ کٹ کی جھلک نمایاں دکھائی دیتی ہے۔

جرسی پر ایشیائی چیتے کا واٹرمارک دوبارہ شامل کیا گیا ہے جبکہ بازووں پر جانوروں کی کھال سے متاثر ٹونل پیٹرن بنایا گیا ہے۔ اسکے علاوہ آستینوں کے کناروں پر ایرانی پرچم کے رنگ اور سرخ لوگوز و نمبرز نمایاں ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق قومی ٹیم پیر کے روز ترکیہ روانہ ہوگی جہاں انطالیہ میں پری ورلڈ کپ تربیتی کیمپ لگایا جائیگا جبکہ ایرانی ٹیم دو دوستانہ میچز بھی کھیلے گی۔ گزشتہ روز تہران کے انقلاب اسکوائر میں ٹیم کیلئے ایک خصوصی الوداعی تقریب منعقد کی گئی جس میں کھلاڑیوں، کوچنگ سٹاف، فٹ بال فیڈریشن حکام اور سپورٹس شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں قومی ٹیم کا خصوصی ترانہ اور آفیشل ورلڈ کپ جرسی پیش کی گئی۔ ایران کو ورلڈ کپ کے گروپ جی میں بیلجیم، مصر اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ٹیم اپنا پہلا میچ 16 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔