اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد ، روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے تحت 12.74 ارب ڈالر موصول

کراچی (بیورو رپورٹ) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا ملکی معیشت پر اعتماد برقرار، روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے تحت اپریل 2026 تک مجموعی طور پر 12 ارب 74 کروڑ 70 لاکھ ڈالر موصول ہوئے،سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سکیم مسلسل سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،روشن ڈیجیٹل اکاونٹس سے 2 ارب 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بیرون ملک واپس منتقل کئے گئے، 8 ارب 14 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مقامی سطح پر مختلف شعبوں میں استعمال ہوئے،روشن ڈیجیٹل اکاو¿نٹ میں خالص قابل واپسی واجبات کی مالیت 2 ارب 54 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی، نومبر 2020 سے اپریل 2026 تک روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے مجموعی خالص سرمایہ کاری ایک ارب 83 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی ،سرمایہ کاری کے شعبے میں اسلامک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سب سے زیادہ مقبول رہے جن میں 1 ارب 15 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ کنونشنل نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سامنے آئی،روشن ایکویٹی انوسٹمنٹ کے ذریعے بھی 12 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئے،معاشی ماہرین کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاونٹ پروگرام نے نہ صرف بیرون ملک پاکستانیوں کو محفوظ اور آسان سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی بلکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ۔