نوجوان گلوکار ثمر جعفری نے بین الاقوامی اعزازاپنے نام کرلیا

کراچی (مشرق نیوز) نوجوان گلوکار اور اداکار ثمر جعفری نے بین الاقوامی سطح پر ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے عالمی میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم سپاٹیفائی کی جانب سے”ریڈار پاکستان آرٹسٹ 2025 (چوتھی سہ ماہی)“کے طور پر نامزدگی حاصل کر لی ہے۔

یہ اعزاز نوجوان نسل میں انکے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور انکے گانوں کی مقبولیت کے اعتراف کے طور پر دیا گیا ہے۔ سپاٹیفائی کے مطابق ثمر جعفری کی موسیقی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں مقبول ہو رہی ہے جن میں بنگلہ دیش، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ یہ اعزاز ان کے میوزک کیریئر میں ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔

رواں سال کے آغاز میں ریلیز ہونے والے ان کے گانے ”رہوں“ اور ”گزارشیں“ نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ دونوں گانوں نے مجموعی طور پر 23.3 ملین اسٹریمز کا ریکارڈ عبور کیا، جن میں سے صرف ”رہوں“ کے سٹریمز 14 ملین سے زائد ہیں۔ سپاٹیفائی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ثمر کو اپنے کیرئیر کی سکول سے شروعات کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس میں ان کے سکول کے زمانے کی جھلکیاں بھی شامل ہیں۔