لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے حکومت پنجاب بالخصوص نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخش کے مزار کی تاریخی توسیع اور جامع ترقیاتی منصوبے پر سراہتے ہوئے اس اقدام کو ایک دور اندیش اور عوام دوست قدم قرار دیا ہے جو زائرین کیلئے نمایاں سہولیات فراہم کریگا اور انکے روحانی تجربے کو مزید بہتر بنائیگا۔داتا دربار کے دورے کے دوران گورنر کا پرتپاک استقبال ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمن، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور ان کی ٹیم نے کیا۔ گورنر نے مزار کی انتظامیہ کے ہمراہ فاتحہ خوانی کی اور پاکستان کی خوشحالی، اتحاد اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمن اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان نے گورنرخیبرپختونخوا کو جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں انفراسٹرکچر کی توسیع، ہجوم کے بہتر انتظام اور زائرین کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کیلئے سہولیات میں اضافے سے متعلق اہم اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ گورنر نے بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ترقیاتی کاموں کی غیر معمولی رفتار، معیار اور منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے محکمہ اوقاف خصوصاً سیکرٹری ڈاکٹر احسان بھٹہ کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس مقدس روحانی مرکز کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے اسے جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے نمایاں کردار ادا کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے انقلابی اقدامات نہ صرف صوفیاءکرام کی روحانی وراثت سے گہری عقیدت کا اظہار ہیں بلکہ یہ حکومت کے اس عزم کو بھی مضبوط کرتے ہیں کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جائے، زائرین کو سہولیات فراہم کی جائیں اور صوفی روایات سے وابستہ امن، رواداری اور ہم آہنگی کے آفاقی پیغام کو اجاگر کیا جائے۔دریں اثناءگورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے نماز جمعتہ المبارک چیئرمین مرکزی رو¿یت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادکی امامت میں ادا کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب حافظ انیس الرحمن،مفتی فتح محمد راشدی،سید عبدالقدیر آزاد،سید محمد عبدالبصیرآزاد،حافظ عبدالرزاق آزاد، شاہ حسین وارثی بھی موجود تھے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا آج عالم اسلام کو اتحاد اور وحدت کی اشد ضرورت ہے، وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے،پاکستان کی حفاظت من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان، پاکستان کے دشمن ہیں،معرکہ حق بنیان مرصوص میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کا مکروہ خاک میں ملا کر عظیم کامیابی حاصل کی تھی،بادشاہی مسجد لاہور میں جمعتہ المبارک کے بڑے عظیم الشان اجتماع سے چیئرمین مرکزی رو¿یت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور سفیر امن مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام الانبیاءحضرت محمد مصطفی کی سیرت طیبہ ہمیں وحدت،اتحاد، اخوت، محبت،بھائی چارہ، احترام انسانیت اور خدمت انسانیت کا درس دیتی ہے۔ قران مجید فرقان حمید پوری کائنات انسانی کیلئے مکمل دستور حیات ہے،پوری انسانیت کیلئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے،امت مسلمہ کی تمام مسائل و مشکلات کا حل رجوع الی اللہ، اسلام اور قران پر عمل کرنے میں ہے،آج پوری امت مسلمہ اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور توبہ و استغفار کرے،مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دہشت گرد اسرائیل انسانیت کا قاتل ہے،ظالم اسرائیل کا فلسطینیوں کیلئے سزائے موت کا قانون بدترین دہشت گردی ہے، عالمی برادری اور مسلم دنیا اپنی انکھیں کھولے، اسرائیل فرعون کے عبرت ناک انجام کو یاد رکھے،اللہ تعالی کی لاٹھی بے آواز ہے، اسرائیل نے اپنے شیطانی مقاصد کے حصول کیلئے پورے مشرق وسطیٰ کو خطرے میں ڈال دیا ہے، امریکہ اسرائیل اور بھارت کے جنگی جنون کے باعث عالمی ایٹمی جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔
عالم اسلام کو اتحاد اور وحدت کی اشد ضرورت ہے: فیصل کریم کنڈی


















