امارات سے 2 بحری جہاز پاک بحریہ کے حصار میں تیل لیکر کراچی پہنچ گئے

ابوظہبی (مشرق نیوز) متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرا سے 2 جہاز 10 سے 12 کروڑ لٹر تیل کے ساتھ کراچی پہنچ گئے۔ پی این ایس سی کے حکام نے تصدیق کی کہ دونوں جہازوں نے مقررہ مقدار میں تیل لے کر کراچی کی بندرگاہ پر کامیابی کے ساتھ پہنچایا، فجیرا میں حالیہ دنوں میں جہازوں پر حملوں کے بعد یہ محفوظ منتقلی انتہائی ضروری تھی۔

وزیر میری ٹائم جنید انور نے کہا کہ جہازوں کی محفوظ منتقلی کیلئے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہیں اور انکے شکر گزار ہیں، وزارت خارجہ کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ خلیج فارس میں پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالنے کیلئے ایران سے رابطے کئے جائیں۔ پی این ایس سی حکام کے مطابق یہ تیل ملکی ضروریات کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی بروقت دستیابی توانائی کے شعبے میں استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز بند کر رکھی ہے اور ایران کے نئے رہبر اعلیٰ نے اپنے پہلے پیغام میں بھی یہی کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہنی چاہئے۔