ایرانی اداکارہ مندانا کریمی کا بھارت چھوڑنے کا اعلان

ممبئی (مشرق نیوز) بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 9 سے شہرت پانے والی ایرانی اداکارہ مندانا کریمی نے 16 سال بعد بھارت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکارہ نے 18 برس کی عمر میں ایران چھوڑا تھا اور وہ اداکاری کی غرض سے ہندوستان آگئی تھیں لیکن اب امریکہ، ایران حالیہ تنازع اور سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد اداکارہ نے بھارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انسٹاگرام سٹوری پر حالیہ سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے اداکارہ سے ممبئی چھوڑ کر جانے کا سوال کیا جس پر مندانا نے جواب دیا میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میں بھارت کو یوں الوداع کہوں گی۔ اداکارہ نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا 'یہ یقیناً مشکل ہوگا لیکن ہندوستان میں تقریباً 16 سال گزارنے کے بعد، آخر کار میں اپنا دوسرا گھر (بھارت) چھوڑ کر جا رہی ہوں، اب سب کچھ نیا ہوگا، یہ ایک نئی شروعات ہے'۔

البتہ مندانا کریمی نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ بھارت چھوڑ کر کہاں جارہی ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق مارچ میں مندانا کریمی نے ایک بیان دیا تھا جس میں انہوں نے بتایا کہ 10 سال قبل ان پر ایران میں پابندی عائد کردی گئی تھی، لہٰذا وہ وہاں واپس نہیں جا سکتیں، وہ بھارت سے مایوس ہیں۔

مندانا کے مطابق مجھے ہندوستان میں کسی قسم کی سپورٹ نہیں ملی اور اچانک جب آیت اللہ خامنہ ای کا انتقال ہوگیا، ہندوستان میں سب کی رائے ہے، ہر کوئی سڑکوں پر ہے اور وہ حقیقت میں خامنہ ای کے لیے ماتم کر سکتے ہیں، جو میں نہیں کر سکی۔