ایران جنگ کے باوجود اپنے ورلڈ کپ میچز امریکہ میں ہی کھیلے گا: فیفا صدر

تہران (مشرق نیوز) فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے واضح کیا ہے کہ ایران اپنے ورلڈ کپ 2026 کے میچز طے شدہ مقامات یعنی امریکہ میں ہی کھیلے گا۔ انفانٹینو کے اس بیان نے ان قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ ایران اپنے میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کروانا چاہتا ہے۔

ایرانی فٹ بال فیڈریشن نے حال ہی میں تصدیق کی تھی کہ وہ سکیورٹی خدشات کے باعث میچز کی منتقلی پر بات چیت کر رہی ہے، جبکہ میکسیکو کی صدر نے بھی عندیہ دیا تھا کہ ان کا ملک ایران کے ابتدائی میچز کی میزبانی کیلئے تیار ہے تاہم انفانٹینو نے دوٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا کہ تمام میچز ڈرا کے مطابق ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کریں گے جس کا آغاز 11 جون سے ہوگا۔ ایران اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کیخلاف لاس اینجلس میں کھیلے گا۔

واضح رہے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی ٹیم کو سکیورٹی خدشات کی دھمکی دیتے ہوئے ورلڈکپ میں شرکت نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا جس ایران نے سخت ردعمل دیا تھا۔ فیفا بھی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی اور فٹ بال کو امن اور یکجہتی کے فروغ کیلئے استعمال کیا جائیگا۔