ایرانی ٹیم فٹ بال ورڈکپ کھیلنے آئی تو زندگی کو خطرہ لاحق ہوگا، ٹرمپ کی دھمکی

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایرانی ٹیم فیفا ورلڈکپ میں شرکت کیلئے امریکہ آئی تو انکی زندگی کو خطرہ لاحق ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی قومی فٹ بال ٹیم کو فیفا ورلڈکپ 2026 سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انکی اپنی جان اور سلامتی کیلئے بہتر ہو سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فیفا ورلڈکپ رواں سال 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر کھیلا جائیگا۔ ایران کی ٹیم نے ایشیائی کوالیفائنگ مرحلے میں گروپ اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے مسلسل چوتھی بار ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔

تاہم حالیہ دنوں میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے باعث ایران کی شرکت غیر یقینی بن گئی ہے۔ ایرانی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ورلڈ کپ میں شرکت مشکل دکھائی دیتی ہے۔

اسی طرح ایران کے وزیر کھیل نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ حالیہ حملوں اور کشیدگی کے بعد ٹیم کیلئے ٹورنامنٹ میں حصہ لینا ممکن نہیں رہا۔ دوسری جانب فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے اس سے قبل کہا تھا کہ انہیں امریکی صدر کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ایرانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں خوش آمدید کہا جائیگا کیونکہ فٹ بال دنیا کو جوڑنے کا ذریعہ ہے۔