لاہور (مشرق نیوز) 2025 کا سورج غروب ہونے میں ایک دن باقی ہے، یہ سال دیگر شعبوں کی شخصیات کی طرح فنکاروں کی زندگیوں میں بھی خوشیاں لیکر آیا۔ ایک زمانہ وہ بھی تھا جب فنکاروں کی شادیوں میں ساتھی فنکار اور صحافی بڑی تعداد میں شریک ہوتے تھے لیکن اب وہ دور نہیں رہا،سوشل میڈیا کے ذریعے تصاویر پوسٹ کر کے شادیوں کی اطلاع دی جاتی ہے۔
رواں برس کئی سٹارز کو جیون ساتھی ملے اورانہوں نے خوشیوں کے گیت گائے۔ فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے منجھے ہوئے اداکار گوہر رشید اور اداکارہ کبریٰ خان نے جنوری 2025 میں اپنی شادی کی تصدیق کی اور فروری 2025 میں سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں نکاح کیا۔
انکی شادی کے بعد قریبی دوستوں کیلئے ایک عشائیہ بھی منعقد کیا گیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس میں دونوں کے درمیان محبت اور کیمسٹری نظر آئی، جو ان کے ڈرامے”جنت سے آگے“ کے بعد شروع ہوئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان شوبز انڈسٹری کے دومعروف نام اداکارہ ماورا حسین اور اداکار امیر گیلانی بھی رواں برس شادی کے بندھن میں بندھے، ماورا حسین نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی شادی کی تصاویر بھی شیئر کیں، ماورا حسین اور امیر گیلانی کی شادی کی یہ تصاویر لاہور کے شاہی قلعے میں لی گئی تھیں۔ تصاویر کے کیپشن میں ماورا نے لکھا کہ ”اور تمام افراتفری کے درمیان میں نے آپ کو پالیا“، ساتھ ہی ماورا نے شادی کی تاریخ لکھتے ہوئے ”ماورا امیر ہوگئی“ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ماورا نے پاکستانی فلموں سمیت بالی وڈ کی فلم میں بھی کام کیا ہے۔ پاکستان شوبزنس کی خوبرو اداکارہ نیلم منیر کی شادی بھی ملک سے باہر ہوئی، نیلم منیر کے شوہر کا نام محمد راشد ہے، یہ شادی پسند کی تھی۔ پاکستان شوبزنس انڈسٹری میں تیزی سے کامیابی حاصل کرنے والے اداکار احمد علی اکبر بھی شادی کے بندھن میں بندھے۔ اداکاراحمد علی اکبرعالمی ایوارڈ یافتہ اداکار ہیں،جو کافی سنجیدہ اور اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا سے الگ رکھتے ہیں۔
2025میں انکی سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئٹر اور وکیل ماہم بتول سے شادی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔ اس کے علاوہ رواں برس مندرجہ بالا تمام فنکاروں سمیت اداکار و ماڈل عمر شہزاد، گلوکارہ آئمہ بیگ اور مقبول ٹک ٹاکر ربیکا خان کی بھی شادیوں کے چرچے رہے۔
سال 2025 شوبز کی رنگین دنیا کے سٹارز کی شادیوں کا سال قرار پایا


















