لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی جانب سے مری کیلئے ریسکیو اینڈ ریلیف سامان کی فراہمی کیلئے تقریب کا انعقادکیاگیا۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے ریسکیو اینڈ ریلیف سامان کا جائزہ لیا۔ریسکیو اور ریلیف سامان میں سرچ اینڈ ریسکیو جیکٹس، ٹائر سنو چین، مشینی آری اور موسم سرما کے خیمے شامل ہیں۔ریلیف سامان میں رین کوٹ، فولڈنگ شال، لحاف کمبل، گرم دستانے، چھتریاں اور ٹوپیاں بھی شامل ہیں۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر مری میں متوقع برف باری کے پیش نظر انتظامات مکمل ہیں۔مری انتظامیہ کو مزید سنو فائٹننگ کا ساز و سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کو تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا رہا، سیلاب میں حکومتی نمائندے اور انتظامیہ نے فیلڈ میں اکٹھے ریلیف آپریشن کیا،سیلاب میں پھنسے ہزاروں پاکستانیوں کی بروقت امداد کرکے جانیں بچائی گئیں،سروے کے بعد اب تک تین لاکھ سے زائد خاندانوں کو ریلیف پیکیج دیا جا چکا ہے۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے حوالہ سے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ ڈاکٹر عدنان خان نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق کو اجلاس کے دوران مانیٹرنگ فریم ورک، سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کی خاطراٹھائے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے صحت کے نئے اور منفرد پراجیکٹس میں شفافیت کو یقینی، سروس کا معیاربہتربنانے اور مریضوں کی آسانی کیلئے بہترین مانیٹرنگ کی اہمیت پر زور دیا ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔حکومت پنجاب عوام کو بہترین، معیاری اور مفت علاج فراہم کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔ کینسر، سٹروک اور ایڈلٹ کارڈیک سرجری کے نئے تاریخی منصوبے لائے جا رہے ہیں۔
مری میں متوقع برف باری کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل ہیں: سلمان رفیق


















