لیڈی ایچی سن ہسپتال، ایم ایس اور سپروائزر کا گٹھ جوڑ، فارمیسی مالک سے 10 لاکھ رشوت طلب

لاہور (انویسٹی گیشن سیل /آصف مغل) لیڈی ایچی سن ہسپتال کی ایم ایس ثوبیہ اور اے آئی سروس ماسٹر جینی ٹوریل کے سپروائزر سنی رشید کے درمیان گٹھ جوڑ کا انکشاف، ہسپتال ملازمین سمیت مریض و لواحقین اور میڈیسن سٹورز والوں کو بھی خوار کئے جانے کی شکایات سامنے آ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق راحیل نامی شخص جس نے ہسپتال کے اندر فارمیکس کے نام سے فارمیسی بنا رکھی تھی، اسکا لاکھوں کا نقصان کر دیا۔ شہری کی طرف محکمہ اینٹی کرپشن کو درخواست دی گئی ۔شہری راحیل کے مطابق لیڈی ایچی سن ہسپتال کے ساتھ 29 سال فارمیسی سٹور کا ٹھیکہ جو وہ کافی عرصہ سے چلا رہا تھا اور ابھی ایک سال ٹھیکہ کا ٹائم پڑا ہوا تھا، لیکن جب سے لیڈی ایچی سن ہسپتال میں ڈاکٹر ثوبیہ آئی ہے اس نے اپنے کار خاص سنی رشید کیساتھ ملکر ہمارا جینا حرام کر دیا ہے۔ ہر بات پر رشوت کا مطالبہ کیا جاتا ہے اگر نہ دیں تو ہمارا کسی نہ کسی طرح نقصان کیا جاتا ہے، مجھ سے 10 لاکھ رشوت مانگی گئی جس کا میں انتظام کر رہا تھا، 5 لاکھ کا انتظام ہو گیا 5 لاکھ باقی تھا تھوڑا ٹائم لگ گیا جس کے رنج میں آ کر اپنی کار خاص سنی رشید سے مل کر مجھ پر جھوٹا الزام لگا کر میری عزت کو خراب کیا، میرے ورکر کو حوالہ پولیس کیا، مگر کچھ ثابت نہ کر پائے۔ پولیس نے ہمیں کلیئر کر دیا، اس کا غصہ نکالنے کیلئے میری فارمیسی کو میری اجازت کے بغیر کسی بھی تحریری نوٹس کے بغیر مسمار کر دیا اور سارا سامان خراب کر دیا۔ ادویات کے اور قیمتی سامان اٹھا کر اپنے گھر لے گئی، میرے ساتھ سخت زیادتی کی گئی ہے، میں ذمہ داران افسران سیکرٹری صحت عظمت محمود اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سے اپیل کرتا ہوں کہ کرپٹ ایم ایس اور اس کے کار خاص سنی رشید کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور میرا لاکھوں کا نقصان پورا کروایا جائے۔

لاہور(ہیلتھ رپورٹر سے) محکمہ صحت کے ترجمان حماد رضا اور ایم ایس ثوبیہ سے اس حوالے حوالے سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا مگر رابطہ نہ ہو سکا۔ اگر محکمہ کی طرف سے کوئی اپنا موقف دینا چاہے تو رابطہ کر سکتا ہے، ادارہ من و عن شائع کریگا۔