گوجرانوالہ میں سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے: وزیر صحت

لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت 10 ارب روپے کی لاگت سے گوجرانوالہ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام و ترقی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقدہوا۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر بھی موجود تھے۔چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر اس موقع پر موجود تھے۔سیکرٹری محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود،انچارج انسپکشن سیل میاں عتیق الرحمن، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ،شاہد عثمان ابراہیم، شازیہ فرید، محمد نواز چوہان، قیصر اقبال سدھو ،عمر فاروق ڈار ،عمران خالد بٹ،عبدالرحمن گجر، سابق ایم پی ایز توفیق بٹ،امان اللہ وڑائچ اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے اجلاس میںشرکت کی۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود خان نے اجلاس کو منصوبے کی پیشرفت، دستیاب وسائل اور مستقبل کے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گوجرانوالہ میں 10 ارب روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا جا رہا ہے۔گوجرانوالہ ڈویژن کی لاکھوں کی آبادی کو کارڈیک کی بہترین سہولیات فراہم کرنے جا رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو کارڈیک کی بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی بہتری کیلئے بھی کوشاں ہیں،یہ ادارہ عوام کیلئے دل کے امراض کے جدید اور معیاری علاج کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے،جدید طبی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، ادارہ کے حوالے سے جگہ کی نشاہدہی کیلئے شہر کا دورہ بھی کیا گیا ہے۔چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے کہاکہ اجلاس میں ہیومن ریسورس کی تربیت اور انتظامی امور میں شفافیت پر زور دیا گیاہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود خان نے کہاکہ ادارے میں جدید طبی آلات، ماہر ڈاکٹروں کی تعیناتی اور مریض دوست سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔صحت کے نظام کو موثر بنانے کیلئے تعاون ناگزیر ہے اور مریم نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اس تعاون کی عملی مثال بنے گا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مریم نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔گوجرانوالہ اور گردونواح کی عوام کو دل کے امراض کے علاج کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔