ممبئی (مشرق نیوز) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا آیا تھا جب ا±نہیں ہندی فلم انڈسٹری میں بہت کم کام مل رہا تھا اور اِنہیں اپنی شناخت برقرار رکھنے کیلئے ہالی ووڈ کا رخ کرنا پڑا۔
بھارتی انفلوئینسر کی ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ فلمی صنعت میں کام کرنا آسان نہیں، یہ سیاست اور تعلقات پر مبنی نظام ہے جہاں کامیابی عارضی ہوتی ہے۔
ان کے مطابق بالی ووڈ سے ہالی ووڈ جانے سے قبل اِنہیں محسوس ہو رہا تھا کہ ان کے پاس کام کے محدود مواقع ہیں اور وہ ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر خود کو بچانے کیلئے نیا راستہ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔
پریانکا چوپڑا نے 2012ءاور 2013ءمیں اپنی میوزک کیریئر کے ذریعے ہالی ووڈ میں قدم رکھا اور 2015ءمیں امریکی سیریز ’کوانٹیکو‘ سے انہیں بڑی کامیابی ملی۔
اداکارہ نے پوڈ کاسٹ کے دوران بتایا کہ پاپ سٹار کے طور پر 2 سالہ دور اِن کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا، وہ اسٹوڈیو میں پٹ بل اور دی چین اسموکرز جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرکے بے حد متاثر ہوئیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہندی فلموں میں وہ خود کو محدود اور بے سمت محسوس کر رہی تھیں جبکہ موسیقی نے انہیں نیا موقع فراہم کیا تھا۔
فلمی صنعت میں کام کرنا کوئی آسان بات نہیں: پریانیکا چوپڑا



















