عوام اور پارلیمان میں موثر رابطہ مضبوط جمہوریت کیلئے ناگزیر :سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمان کسی بھی جمہوری ملک کا بنیادی ستون اور عوامی امنگوں کی حقیقی ترجمان ہوتی ہے، پارلیمان کی بالادستی جمہوری نظام کے استحکام، آئینی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی اعتماد کی ضامن ہے، ایک فعال، شفاف اور مو¿ثر پارلیمان ہی عوامی مسائل کے پائیدار حل اور قومی ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی یومِ پارلیمنٹرین کے موقع پر کیا ۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی جمہوری اقدار، آئینی بالادستی، شفاف قانون سازی اور مو¿ثر احتساب کے فروغ کے لئے اپنی آئینی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا مقصد محض قوانین کی منظوری نہیں بلکہ ایسا جامع، مو¿ثر اور عوام دوست قانونی نظام تشکیل دینا ہے جو عوامی فلاح، سماجی انصاف، معاشی ترقی اور قومی یکجہتی کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پارلیمان کے درمیان موثر رابطہ اور عوامی شمولیت جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کے بدلتے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ قانون سازی کے ساتھ پارلیمان کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ انتظامیہ کی موثر جواب طلبی کو ممکن بنائیں اور اپنے متعلقہ حلقہ ہائے انتخاب کی بھرپور نمائندگی کا فریضہ سر انجام دیں۔