معرکہ حق میں اہم ٹارگٹس نشانے پر تھے، ٹرمپ نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا:محسن نقوی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا معرکہ حق میں اہم ٹارگٹس نشانے پر تھے، ٹرمپ نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا، بھارت پاکستان کےخلاف مزید کوئی مہم جوئی کرنے سے پہلے کئی بار سوچے گا،وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی ملی، ملک بھر میں معرکہ حق سے متعلق تقریبات ہورہی ہیں،بھارت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ڈرون ہمارے مختلف علاقوں میں بھیجے، بھارتی ڈرون تھوڑی تعداد میں پاکستان پہنچے، اکثر ڈرونز کو بارڈر پر رینجرز نے تباہ کیا، بھارت کی کوشش تھی سائبر حملے کرے لیکن سائبر حملوں میں بھارت ہمارے نزدیک بھی نہیں آتا تھا، افواج پاکستان نے معرکہ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، یہ بتانا ضروری ہے ہم نے معرکہ حق میں کیا کیا، پاک بھارت جنگ میں ڈرونز کا استعمال بہت تواتر سے ہوا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا،وزیر داخلہ نے کہا نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے گھر کے اوپر ہمارے ڈرون گھومتے رہے جس سے بھارتی خوف میں مبتلا تھے، ہمارا ٹارگٹ بھارتی سویلین شہری نہیں تھے جبکہ انہوں نے ہماری سول آبادی کو نشانہ بنایا، ہمارے رینجرز بارڈر کے بالکل ساتھ موجود تھے،بھارت کو سفید جھنڈے لہرانے پڑے، بھارت سے جنگ میں پاکستانی میڈیا کا کردار قابل تعریف رہا، ہمارے میڈیا نے ایک پیغام کے ذریعے پوری قوم کو اکٹھا کیا، معرکہ حق میں پاکستانی میڈیا کے کردار کی بھی کوئی مثال نہیں ملتی جبکہ بھارتی میڈیا مسلسل کنفیوژتھا، فیلڈ مارشل کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے، میں نے جس جس ملک میں جو جو ہوتے دیکھا پھر کبھی بتاو¿ں گا،وفاقی وزیر نے کہا بھارت نے جنگ بندی سے قبل ہماری بیس پر حملہ کیا تھا، ہم نے آخر میں بہت تنگ جگہ پر حملہ کیا لیکن ان کا سب سے بڑا آئل ڈیپو تباہ ہوا، درجنوں ایسی چیزیں ہوئیں کہ انسان سوچتا ہے یہ ممکن کیسے ہو سکتا تھا؟ ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا میں نے امریکا ایران معاملات کو ٹوٹتے جڑتے دیکھا ہے، امریکا ایران جنگ بندی میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں پر بھروسہ رکھیں۔