وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو ریلیف، لیوی میں کمی،پٹرول80روپے لٹر سستا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو ریلیف،لیوی کم کرکے پٹرول 80روپے لٹر سستاکردیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ایک مرتبہ پھرمشکل حالات میں مخاطب ،پورے خطے میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،نرخوں میں بے پناہ اضافے نے پاکستان کو بھی لپیٹ میں لے لیا، پوری کوشش کی قومی وسائل کو عوام کیلئے استعمال کیا جائے،مہنگائی نے دنیا کی طاقتورمعیشتوں کی کمرتوڑدی ،اچھی طرح جانتا ہوں عام آدمی کس طرح زندگی گزارتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا3ہفتوں میں قومی وسائل سے129ارب کی سبسڈی دی گئی، قیامت خیز طوفان کو سبسڈی کے ذریعے عوام تک پہنچنے نہیں دیا، دعا ہے جنگ جلد ختم اور امن قائم ہوجائے، فیلڈ مارشل،اسحاق ڈارجنگ بندی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں،قومی وسائل محدود ،قومی قیادت کو اکٹھا کرنے پر صدرمملکت کا مشکور ہوں ،فیصلوں سے پہلے ایوان صدر ،وزیراعظم ہاوس میں بھرپورمشاورت کی گئی،اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ،وزیراعظم آزاد کشمیر،فیلڈ مارشل نے بھی شرکت کی۔

شہبازشریف نے کہاحکومت نے پٹرولیم قیمتوں کی مد میں عوامی ریلیف کےلئے اقدامات کیے، عوام کو درپیش مسائل کا ادراک رکھتے ہیں،پٹرول کی قیمت 80 روپے کم کرکے378 روپے لٹر مقرر کردی،اطلاق اگلے ایک ماہ کےلئے پورے پاکستان پر ہوگا،اعلانات کے مطابق موٹرسائیکل سوارکوسبسڈی دی جائےگی،ٹرینوں میں اکانومی کلاس کے کرائے نہیں بڑھائے جائیں گے، حکومت نے حتی المقدورکوشش کی عوامی مشکلات کم کرنے کےلئے قومی وسائل کواستعمال کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا موٹرسائیکل سواروں کو100روپے لٹر ،مال بردار ،ٹرانسپورٹ گاڑیوں ،پبلک بسوں کو ماہانہ70ہزار سے ایک لاکھ روپے تک سبسڈی دیں گے،چھوٹے کسانوں کو 1500 روپے ایکڑ امداد فراہم کی جائےگی،قومی مقصد کےلئے اپنے وسائل بلاتاخیرفراہم کرنے کی کمٹمنٹ کرنے پرصوبائی وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتا ہوں،کابینہ اراکین 2 ماہ کی بجائے 6 ماہ کی تنخواہ سرکاری خزانے میں جمع کرائیں گے۔