وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات،سی پیک 2 پر کام تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چین کےساتھ قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے پر زور دیا۔

شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے ٹو سیشنز کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد دی،صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی پرتپاک مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا، چین کی مستحکم اقتصادی حمایت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے زراعت، صنعتی تعاون ، بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی پیک 2.0کو آگے بڑھانے کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی سفیر جیانگ کی جانب سے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تجارت و سرمایہ کاری کیلئے تعاون کا اعادہ کیاگیا،دونوں رہنماﺅںنے جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار اور سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اعلیٰ سطح کے رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی ،علاقائی استحکام کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہاپائیدار پاک چین آل ویدر سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مستحکم بنائیں گے۔

دریں اثنا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا اپنا گھر ہر شہری کا حق ،مقصد کےلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے،رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، بھرپور استفادہ کرنے کیلئے راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

شہبازشریف نے کہا بیرونی سرمایہ کاروں ، سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شعبے میں سرمایہ کاری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا،تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ سے نہ صرف معیشت کا پہیہ چلے گا بلکہ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے،متعلقہ حکام تعمیرات و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے مزید فروغ کیلئے قابل عمل حکمت عملی مرتب کرکے عملدرآمد یقینی بنائیں،حکمت عملی کی تشکیل میں تمام سرکاری و نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز بشمول صوبائی حکومتوں ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو شامل کیا جائے۔

علاوہ ازیںوزیراعظم نے کراچی کادورہ کیا،پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمن کی رہائش گاہ پر جا کر صاحبزادی ماروی ملک کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاجواں عمر اولاد کے بچھڑنے کا غم والدین کےلئے ناقابل برداشت ہوتا ہے جسے بیان کرنے کےلئے الفاظ نہیں۔

مزید برآںمتحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر سندھ کی تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے 28ویں ترمیم لانے کا مطالبہ کردیا،دوران ملاقات ایم کیو ایم وفد نے کہا خطے کی صورتحال دیکھتے ہوئے متحدہ کی مجوزہ آئینی ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے،شہبازشریف نے مطالبات کو جائز قرار دیا اور کہا ایم کیو ایم کو کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے،ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم وفد کی آئندہ ہفتے وزیراعظم سے ایک اور ملاقات طے کی گئی۔