پراسیکیوشن معیار کی بہتری، مقدمات کی موثر پیروی کیلئے افسران محنت کریں :سلمان غنی

لاہور (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن سلمان غنی نے گزشتہ روز قصور میں محکمہ پبلک پراسیکیوشن کے دفتر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے پبلک پراسیکیوٹرز کی حاضری، دفتری امور اور پراسیکیوشن سے متعلقہ معاملات کاجائزہ لیا۔ سیکرٹری پراسیکیوشن نے رپورٹس زیر دفعہ 173 ضابطہ فوجداری کی ڈائری اور سی ایف ایم ایس پر اپ لوڈنگ کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے سکروٹنی کمیٹی اور اپیل کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ چالان کی بروقت سکروٹنی اور سی ایف ایم ایس پر اپ لوڈنگ کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں محکمانہ ہدایات اور قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے۔ سیکرٹری سلمان غنی نے ڈسٹرکٹ پراسیکیوشن آفس میں لیگل ایڈ سیل کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ اس حوالے سے عوامی آگاہی پیدا کی جائے تا کہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مفت قانونی معاونت سے فائدہ اٹھا سکیں۔سیکرٹری سلمان غنی نے پبلک پراسیکیوشن آفس کیلئے تعمیر کی جانے والی نئی عمارت کی مجوزہ جگہ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پراسیکیوشن کے معیار کو مزید بہتر بنانے، مقدمات کی موثر پیروی یقینی بنانے اور عوامی اعتماد میں اضافے کیلئے افسران اپنی ذمہ داریاں محنت، ایمانداری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں ۔