فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم، دو ریاستی حل آگے بڑھایا جائے،او آئی سی

نیویارک: (بیورورپورٹ) اوآئی سی نے کہا ہے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم اور دو ریاستی حل آگے بڑھانے کیلئے فوری عالمی اقدامات کیے جائیں۔

اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس کے دوران او آئی سی کی جانب سے بیان دیتے ہوئے ترکیہ کے اقوام متحدہ میں سفیر نے کہا مسلسل تشدد و سیاسی تعطل کے باعث فلسطین کا مسئلہ نازک مرحلے پر پہنچ چکا ،مسئلے و مشرق وسطیٰ بحرانوں کے حل کےلئے عملی اقدامات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی کیونکہ عالمی امن و سلامتی پر وسیع اثرات مرتب ہو رہے ہیں،دریں اثنا پاکستان نے مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دےدیا۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطینیوں کی جبری بے دخلی ناقابل قبول ، مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملوں میں اضافے پر تشویش ہے،عالمی برادری اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنائے، اسرائیل کا ٹیکس محصولات روکنا فلسطینی معیشت کو کمزور کرنے کی کوشش ،مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد حل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔