لاہور میں چیف منسٹر ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کا آغاز

لاہور (مشرق نیوز) لاہور میں حکومت پنجاب کی جانب سے چیف منسٹر ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا جس کے تحت دل کے مریضوں کو مفت علاج اور سرجری کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ پروگرام کے تحت پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پہلے مریض کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری بھی مکمل کر لی گئی ہے، اس وقت پنجاب میں 8 ہزار سے زائد مریض دل کے آپریشن کے منتظر ہیں۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ سرکاری ہسپتالوں میں اضافی اوقات میں ہنگامی سرجریز کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ نجی ہسپتالوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 6 سے 7 ماہ کے اندر ویٹنگ لسٹ ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ پہلے مرحلے میں انتہائی تشویشناک مریضوں کی سرجری کی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت کے مطابق ہر مریض کیلئے سالانہ 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائیگی اور دل کے تمام بڑے آپریشنز اس پروگرام میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کیلئے 3 ارب روپے سے زائد فنڈ مختص کیا گیا ہے جبکہ پیچیدہ کیسوں کیلئے خصوصی ریزرو فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے، نجی ہسپتالوں کو مریضوں کی ریفرل ملٹی ڈسپلنری ٹیم کی منظوری سے دی جائیگی۔