لاہور (رپورٹ نعیم جاوید/ عکاسی: شاہنواز)ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عید کی خریداری کا رجحان اس سال غیر معمولی حد تک کم دیکھنے میں آرہا ہے۔ شہر کے مختلف بازاروں میں خریداروں کی تعداد ماضی کی نسبت کم ہے جبکہ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ عوام کی قوتِ خرید تقریباً ختم ہو چکی ہے جس کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے۔روز نامہ مشرق لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے لبرٹی مارکیٹ کے چیئرمین میاں زاہد جاوید، انجمن تاجران نشتر ٹاون کے رہنما پپو کھوکھر، سابق صدر انجمن تاجران نعیم بٹ نے روزنامہ مشرق لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ بازاروں میں خریداروں کا رش نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں میں عید سے کئی ہفتے قبل ہی بازاروں میں گہما گہمی شروع ہو جاتی تھی لیکن اس سال مہنگائی کے باعث صورتحال بالکل مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کو شدید مالی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جس کی وجہ سے لوگ ضروری اخراجات تک محدود ہو گئے ہیں۔ پپو کھوکھر نے کہا کہ مہنگائی نے متوسط اور غریب طبقے کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ پہلے لوگ عید کے موقع پر کپڑے، جوتے اور دیگر اشیاءکھلے دل سے خریدتے تھے مگر اب لوگ صرف بنیادی ضروریات تک محدود ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے تاکہ مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔نعیم بٹ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں نے نہ صرف عوام بلکہ تاجروں کو بھی مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری لاگت میں اضافہ ہونے کے باوجود خریدار کم ہونے کی وجہ سے تاجروں کیلئے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور عید کی خوشیاں بھی ماند پڑ گئی ہیں۔شہری محمد اشفاق نے کہا کہ مہنگائی اس قدر بڑھ چکی ہے کہ گھر کا ماہانہ بجٹ پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے، اسلئے اس سال عید کی خریداری نہ ہونے کے برابر ہے۔جاوےد اقبال کا کہنا تھا کہ پہلے بچوں کیلئے عید پر کئی جوڑے خریدے جاتے تھے لیکن اب ایک جوڑا خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ عمران نے کہا کہ پٹرول، آٹا، چینی اور دیگر ضروری اشیاءکی قیمتوں میں اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے جس کے باعث بازاروں کا رخ کم کر دیا ہے۔زاہد علی کے مطابق مہنگائی کے باعث گھریلو اخراجات میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے، اسلئے عید کی خریداری محدود کر دی گئی ہے۔شہری سلیم احمد نے کہا کہ تنخواہیں وہی ہیں لیکن مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ہے، اسلئے قوت خرید تقریباً ختم ہو گئی ہے۔ خالد کا کہنا تھا کہ بچوں کی فرمائشیں پوری کرنا اب مشکل ہو چکا ہے کیونکہ ہر چیز کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔ندیم اختر نے کہا کہ مہنگائی نے عید کی رونقیں ماند کر دی ہیں اور لوگ صرف ضروری اشیاءخریدنے پر مجبور ہیں۔
ہوشربا مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید ختم، عید پر خریداری نہ ہونے کے برابر


















