لاہور (مشرق نیوز) پنجاب کے تمام 9 تعلیمی بورڈز برائے انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازیخان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور سرگودھا کے بورڈز کی جانب سے نتائج کا اعلان بیک وقت کیا گیا۔
لاہور
ترجمان لاہور بورڈ کے مطابق کامیابی کا تناسب 64 فیصد سے زیادہ رہا،2 لاکھ 82 ہزار 308 امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی تھی جن میں سے ایک لاکھ 82 ہزار 186 امیدوار کامیاب ہوئے۔
راولپنڈی
راولپنڈی بورڈ کی جانب سے کل 120411 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 73829 کامیاب رہے، کامیابی کی شرح 61.31 فیصد رہی، حصہ لینے والوں میں 58692 طلبا اور 61719 طالبات شامل تھیں۔ امتحان میں 30512 طلبہ اور 43317 طالبات کامیاب ہوئیں، کامیابی کی شرح طلبہ میں 51.99 اور طالبات میں 70.18 رہی۔
ملتان
تعلیمی بورڈ ملتان کے میٹرک نتائج کے مطابق امتحانات میں ایک لاکھ 33 ہزار 19 طلبہ نے شرکت کی، پاس ہونے والے طلبہ کی تعداد 96638 رہی، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 65.72 فیصد رہا۔
بہاولپور
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 96245 امیدوار شامل ہوئے جن میں سے 63012 امیدوار کامیاب قرار پائے، کامیابی کا تناسب 65.47 فیصد رہا۔ گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری سکول کے عبدالحسیب ولد محمد جاوید نے 1186 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی، جبکہ مزمل بلال ولد محمد بلال 1184 نمبروں کے ساتھ بورڈ میں دوسرے نمبر پر رہے۔
ام القراءپبلک گرلز ہائی سکول کی جویریہ فاطمہ اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ماڈل ٹاو¿ن کی ایمان فاطمہ ملک نے 1183 نمبر لے کر مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بورڈز حکام کے مطابق طلبہ متعلقہ بورڈز کی آفیشل ویب سائٹس پر جا کر یا ایس ایم ایس سروس کے ذریعے دسویں جماعت کے اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
لاہور بورڈ نے BISE Lahore AI Chatbot متعارف کرایا ہے جو مصنوعی ذہانت کے ذریعے طلبہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ایک جدید ڈیجیٹل اقدام ہے۔بورڈ حکام کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام طلبہ کو جدید، موثر اور قابلِ رسائی تعلیمی خدمات فراہم کر کے ڈیجیٹل تبدیلی اور عوامی خدمات میں بہترین کارکردگی کے حوالے سے BISE لاہور کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پنجاب ، تمام تعلیمی بورڈز نے میٹرک 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا


















