بجٹ سرپلس،جنوبی پنجاب کارڈ اور سیاسی بلیک میلنگ اب نہیں چلے گی، عظمیٰ بخاری

لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی حیدر گیلانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ حقائق سے مکمل طور پر لاعلم ہیں یا پھر جان بوجھ کر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،علی حیدر گیلانی لاہور اور اسلام آباد کے بند کمروں سے باہر نکلیں اور سیاسی تعصب کی عینک اتار کر کبھی جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تاکہ انہیں وہاں ہونے والی ریکارڈ ترقی اپنی آنکھوں سے نظر آ سکے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نظر میں کوئی جنوبی یا سینٹرل پنجاب نہیں بلکہ صرف ایک متحد پنجاب ہے اور انہوں نے اپنے ہر ترقیاتی پروجیکٹ میں جنوبی پنجاب کو اولیت اور خصوصی ترجیح دی ہے، ہر بار اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست کو سہار دینے کے لیے جنوبی پنجاب کا جھوٹا کارڈ کھیلنا اب بند ہونا چاہیے کیونکہ آپ کی یہ روایتی بلیک میلنگ اب یہاں بالکل نہیں چلنے والی۔

دریں اثنا پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا بجٹ سرپلس ،سوشل سیکٹر پر فوکس کیا ،دنیا پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے ، بجٹ میں پنجاب نے قربانی دی ،خطیر رقم وفاق کو دینے کی وجہ سے پنجاب کو بجٹ بنانے میں مشکل پیش آئی،پی آر اے نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، پی آر اے کا ہدف مزید بڑھادیا ،پنجاب اپنے ذرائع سے پراجیکٹس مکمل کرے گا۔