پی سی بی کا سعودی عرب میں کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کرنے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی سعودی عرب میں کرکٹ سٹیڈیم تعمیر کریگا اور مستقبل میں جدہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی بھی کر سکے گا، اس حوالے سے ابتدائی طور پر گورننگ بورڈ سے منظوری لی جا چکی ہے البتہ ابھی مزید معاملات پر غور اور حتمی معاہدہ ہونا باقی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں بھی کھیل کو فروغ دینا چاہتا ہے، وہاں بڑی تعداد میں پاکستانیوں سمیت ایشیائی نڑاد افراد کھیل میں گہری دلچسپی لیتے ہیں، سعودی حکومت بھی اپنے ملک میں سپورٹس سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

اس حوالے سے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں، پی سی بی نے جدہ میں کرکٹ کا سٹیڈیم بنانے کی خواہش ظاہر کر دی، گزشتہ دنوں بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں بھی سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ اس حوالے سے اظہار دلچسپی کی منظوری لی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں سٹیڈیم کی جگہ منتخب کرنے کیلئے مختلف وینیوز کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے، ذرائع نے بتایا کہ ابھی یہ معاملہ ابتدائی مراحل میں ہے، مقامی حکام کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے جس کے بعد کام کا آغاز کیا جائیگا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اپنی سپیڈ کی وجہ سے مشہور ہیں، اگر اسی انداز میں سب کچھ ہوا تو کنٹریکٹ کے بعد ایک سال میں سٹیڈیم تیار ہو سکتا ہے، حکام کی خواہش ہے کہ یہ فلڈ لائٹس کے حامل وینیو پر مناسب تعداد میں شائقین کی گنجائش بھی موجود ہو،اس کے بعد مستقبل میں پی ایس ایل سمیت پاکستان کرکٹ کے مختلف میچز کا انعقاد بھی جدہ میں کیا جائے۔

اس فیصلے سے نہ صرف شائقین کو وہاں کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا ، ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز بھی اپنی صلاحیتیں نکھار کر آگے آنے کے مواقع پا سکیں گے۔