اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے آئی ایم ایف کے احکامات پر بنائے گئے بجٹ میں عوام کےلئے کوئی سہولت نہیں، ملکی قرضے 50 ہزار ارب تک چلے گئے، سالانہ 800ارب سود کی ادائیگی میں چلے جاتے ہیں، حکومت پٹرولیم لیوی ختم، صنعتوں کو سستی بجلی دے،بجٹ و عوامی مسائل پر 2روز تک مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
نائب امیر میاں اسلم، ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکومت کےلئے بجٹ اعدادوشمار کو ادھر ادھر کرنے کا کھیل ہے، حکمرانوں کو عوامی مسائل کا ادراک نہیں، ظالمانہ نظام کے خلاف بڑی تحریک چلانے کی ضرورت ہے، عوامی حقوق کےلئے جدوجہد میں نوجوانوں کو بھی شامل کیا جائے گا، حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو سڑکیں جام کرنے سمیت ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا،پی ڈی ایم جماعتوں میں محض نورا کشتی چل رہی ، سب عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔
بجٹ عوام دشمن، 2روز تک اہم لائحہ عمل دیں گے، حافظ نعیم الرحمن


















