راولپنڈی:(بیورورپورٹ)دفاع مزید مضبوط،آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتحII میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا،تربیتی لانچ کا مقصد فوجی تربیت، تکنیکی پیرامیٹرز اور سب سسٹمز کی جانچ تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی جانب سے فتحII میزائل سسٹم کا کامیاب تربیتی لانچ کیا گیا ،مقامی طور پر تیار کردہ فتحII میزائل جدید ایویونکس ،سٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل معاونت سے لیس ہے ،تربیتی لانچ کا مقصد فوجیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی و بقا کےلئے شامل مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہافتحII میزائل نے بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت کا کامیاب مظاہرہ کیا، کامیاب مشق کا مشاہدہ سٹرٹیجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئرافسروں کے علاوہ سٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں ،انجینئرز نے بھی کیا،فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کے کامیاب تربیتی تجربے کو سراہا۔
دوسری جانب صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر اور سروسزچیفس نے میزائل کے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیموں کی فنی مہارت ا ور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی راکٹ فورس کمانڈ کا مقامی طور پر تیار کردہ فتحII میزائل کا کامیاب تجربہ


















