لندن (مشرق نیوز) برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان،امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو مکمل طور پر ناکام ہونے سے بچانے کیلئے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سفارتی عمل میں ایک اہم اور غیر روایتی کردار کے طور پر سامنے آئے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جریدے کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات اس وقت نازک مرحلے میں ہیں، جہاں باہمی اعتماد کی کمی، اقتصادی پابندیاں اور حالیہ فوجی کشیدگی اہم رکاوٹیں بن رہی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ان مشکلات کے باوجود دونوں فریقین کے درمیان رابطے کا پل بننے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ مذاکراتی عمل جاری رکھا جا سکے اور خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ کوششیں کامیاب ہو جاتی ہیں تو نہ صرف خطے میں استحکام آئیگا بلکہ عالمی سطح پر بھی کشیدگی میں کمی کے امکانات پیدا ہو سکتے ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکہ، ایران مذاکرات بچانے کیلئے غیرمعمولی کردار ہے: فنانشل ٹائمز

















