محکمہ صحت میں پسند ناپسند، ریٹائر افسر 2 سال بعد بھی سٹاف آفیسر کی سیٹ پر براجمان

لاہور(انویسٹی گیشن سیل /آصف مغل ) محکمہ صحت میں پسند اور ناپسند کا سلسلہ جاری و ساری، محکمہ صحت کے سیکرٹری کے سٹاف آفیسر کو ریٹائرڈ ہوئے تقریباً 2 سال گزر گئے لیکن سیکرٹری صحت کی نوازشات کے ابھی تک سٹاف آفیسر کی سیٹ پر براجمان ہیں، محکمہ صحت سے قابل آفیسرز غائب یا پھر معاملہ کچھ اور، ذمہ داران افسران پسندیدہ سٹاف رکھنے میں مصروف عمل۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری صحت عظمت محمود کے سٹاف آفیسر محبوب احمد ناصر 2023 کے ریٹائرڈ ہو چکے ہیں جبکہ ابھی تک اپنی سیٹ پر براجمان ہیں اور سیکرٹری صحت کی خواہش کے مطابق کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے محبوب احمد ناصر کو نوازا جا رہا ہے جو اپنی من مرضیاں کرنے میں مصروف ہیں ۔باوثوق ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے سیکرٹری عظمت محمود نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ریٹائرڈ سٹاف آفیسر محبوب احمد ناصر کو پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی میں عارضی طور پر کچھ عرصہ کے لئے نوکری پر رکھا گیا صرف اپنے ساتھ نوکری کروانے کیلئے پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی میں نوکری اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے نوکری دی اور پھر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سیکرٹری صحت عظمت محمود نے ابھی تک اپنا سٹاف آفیسر بنا کر رکھا ہوا ہے جو کہ غیر قانونی ہے اور کئی قابل آفیسرز کا حق بھی چھینا جارہا ہے جس کے ذمہ دار سیکرٹری صحت عظمت محمود ہیں اگر ذمہ داران افسران بھی غیر قانونی کام کریں گے تو محکمہ صحت کو کیسے چلا سکتے ہیں۔ عوامی اور سماجی حلقوں میں یہ باتیں بھی ہو رہی ہیں کہ سیکرٹری صحت عظمت محمود نے محبوب احمد ناصر کو اس لئے رکھا ہوا ہے کہ سیکرٹری صحت کے قانونی اور غیر قانونی کاموں کا رازدار بھی ہے جس وجہ سے کئی قابل آفیسرز کا حق مار کر محبوب احمد ناصر کو نوازا جا رہا ہے۔ ذمہ داران افسران اپنے اختیارات کا خوب فائدہ اٹھانا جانتے ہیں اور ناجائز استعمال کرنا تو اپنا حق سمجھتے ہیں۔

لاہور (ہیلتھ رپورٹر سے) ترجمان محکمہ صحت حماد رضا سے اس حوالے سے موقف کے لئے رابطہ کیا گیا مگر رابطہ نہ ہو سکا اگر موصوف اپنا موقف دینا چاہیں تو رابطہ کر سکتے ہیں ادارہ من و عن شائع کریگا۔