عوام کو ریلیف نہ دیا تو دھرنوں کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دینگے، نعیم الرحمن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر حکومت کو مزید احتجاج کا انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام کو سہولت دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ اٹھائے گئے تو دھرنوں کا دائرہ پورے ملک میں پھیلائیں گے، 12 ربیع الاول کے اگلے ہفتے ملک گیر ہڑتال ہوگی، جس میں پہیہ جام اور شٹر ڈاون بھی شامل ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسلام آباد کی جانب پیدل مارچ بھی کرسکتے ہیں۔ نائب امیر میاں محمد اسلم ڈپٹی سیکریٹری سید فراست شاہ ، امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہامقامی حکومتوں کا موثر نظام ہوتا تو نئے انتظامی یونٹس کی ضرورت ہی پیش نہ آتی، بلدیاتی فنڈز صوبائی حکومتیں کھا جاتی ہیں، جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ نئے صوبے بن بھی سکتے ہیں تاہم اس کے لیے قومی اتفاق رائے اور آئین میں دیے گئے اصولوں پر عملدرآمد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو علاج کی سہولیات سے روکنا فسطائیت ہے، بانی پی ٹی آئی کو علاج کی تمام سہولیات دی جائیں۔ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ملک میں عوام کو مہنگائی سمیت ہر شعبے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ فارم 47کے حکمران شہریوں کو مطلوبہ سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے۔ انہوں پٹرولیم لیوی عوام پر عائد بھتہ ٹیکس ہے،،لیٹر پر تقریباً 80 روپے ایسا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے جس کا کوئی جواز نہیں۔