یو اے ای نے بھی خفیہ طور پر ایران کیخلاف حملے کئے: وال سٹریٹ جرنل کا دعویٰ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے جنگ کے دوران ایران کے لاوان جزیرے پر واقع آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور ریفائنری عارضی طور پر بند ہوگئی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حملہ اپریل کے اوائل میں اس وقت کیا گیا جب امریکی صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کرنیوالے تھے۔ اخبار کے مطابق ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ امریکہ نے خاموشی سے جنگ میں یو اے ای کی شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایران نے ان حملوں پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے یو اے ای اور کویت پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کئے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایران نے کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ 2800 حملے یو اے ای پر کئے جو اسرائیل پر کئے گئے حملوں سے بھی زیادہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان حملوں سے یو اے ای کی معیشت کو نمایاں نقصان پہنچا، ملازمین کی برطرفیوں اور جبری رخصتیوں میں اضافہ ہوا جبکہ ملک کی سکیورٹی حکمت عملی میں بنیادی تبدیلی آئی۔